بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
ملکی ترقی کیلئے سب نے مل کر کام کرنا ہو گا،قبائلی عمائدین اور دیگر سے گفتگو
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان سے ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین، قبائلی سرداروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، وکلا، طلبہ اور مشاہیرین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفود نے ملک کے پسماندہ علاقوں بالخصوص صوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ کے دیہی علاقوں اور جنوبی پنجاب کے دیہاتوں میں عوام کو درپیش سنگین مسائل سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک بھر کی ترقی کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اور صوبہ بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقوں کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مؤثر حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے قبائلی عمائدین، نوجوانوں اور عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لائیں۔