این اے آر سی میں سمارٹ گلاس ہاؤس کا افتتاح

این اے آر سی میں سمارٹ گلاس ہاؤس کا افتتاح

اناج، دالوں میں افزائشی عمل تیز کرنے سے پیداوار میں اضافہ ہو گا، رانا تنویر

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کا شتکار طبقہ کو تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔ سپیڈ بریڈنگ، درست فینوٹائپنگ اور خودکار ماحولیاتی کنٹرول کا امتزاج موسمیاتی تبدیلی، وسائل کے مؤثر استعمال اور پائیدار زراعت سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک طاقتور پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے ۔ جمعہ کو ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں گندم اور دالوں کیلئے قائم کی گئی جدید سپیڈ بریڈنگ سہولیات اور ذہین آئی او ٹی پر مبنی سمارٹ گلاس ہاؤس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نے ذہین سمارٹ گلاس ہاؤس مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ایک قومی اثاثہ ہے، کنٹرول شدہ گلاس ہاؤس چیمبرز، جدید ایل ای ڈی گرو لائٹنگ اور درجہ حرارت و نمی کے مؤثر نظام سے لیس یہ سہولت خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ اقدامات غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت اور کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافے سے متعلق قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اناج اور دالوں دونوں میں افزائشی عمل کو تیز کرنے سے ملکی پیداوار میں اضافہ ، درآمدات پر انحصارکم ہو گا اور بہتر اقسام کی بروقت دستیابی ممکن ہو سکے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں