ٹیلی کام شعبہ کیلئے 3 ارب کا پہلا AAAریٹنگ یافتہ گرین سکوک جاری
انفرا ضامن پاکستان، انفرالیکٹرک، ڈی آئی بی ، بینک الفلاح اور میزان بینک کے مابین معاہدہ
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ نے بریلانز گروپ کی کمپنی انفرالیکٹرک ،دبئی اسلامک بینک ، بینک الفلاح اور میزان بینک کے اشتراک سے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کے لیے 3 ارب روپے مالیت کے پہلے AAA ریٹنگ یافتہ گرین سکوک کے اجرا کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بڑی پیش رفت پائیدار انفراسٹرکچر کی مالی معاونت اور ماحولیات سے ہم آہنگ سرمایہ کاری کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ہے ،معاہدے کے تحت انفرا ضامن پاکستان کی جانب سے انفرالیکٹرک پرائیویٹ کے جاری کردہ 3 ارب روپے کے گرین سکوک کے اصل سرمائے پر 100 فیصد ضمانت فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دبئی اسلامک بینک پاکستان لمیٹڈ گرین سکوک کے اجرائمیں بطور لیڈ ارینجرکے طور پر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ سرمایہ کاری سے پاکستان میں ٹیلی کام ٹاورز کے لیے لیتھیم آئن بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز (BESS) اور سولر توانائی کے ایک سب سے بڑے کمرشل منصوبے کے لئے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ انفرا ضامن پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر، ماہین رحمان نے کہا، یہ اہم پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ کریڈٹ کے جدید طریقوں کے ذریعے بڑے گرین انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔ بریلانز گروپ کے گروپ سی ای او بلال قریشی نے کہا یہ معاہدہ کاروباری ماڈل میں جدت کی ایک نئی مثال قائم کرتا ہے۔