مری ،ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کو 10 روز کی مہلت
مقررہ مدت کے بعد بھرپور کریک ڈائون ،منشیات فروشوں کو بھی پکڑیں گے ایک کروڑ 10لاکھ کی ریکوری کی ،سیاحوں کو سہولیات دینگے ،ڈی پی او
مری(نمائندہ دنیا) مری میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کو 10دن کی مہلت دی جا رہی ہے جس کے بعد بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عبدالمعیز قتل کیس میں تفتیش جاری ہے جلد ہی قاتلوں تک پہنچ جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گینگز کی صورت میں علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی گزشتہ ایک سال کے دوران قتل کے 6 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 5 کے ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی گئی ہے ،سیاحوں کی سہولت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ \"ہوٹل آئی\" موبائل ایپ متعارف کروائی گئی ہے جس کے ذریعے ہوٹلوں میں قیام کرنے والے سیاحوں کا مکمل ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہوگا اسی طرح \"ٹورسٹ فیسلیٹیشن\" موبائل ایپ کے ذریعے سیاح اپنے مسائل فوری طور پر رپورٹ کر سکیں گے اور انہیں بروقت رسپانس فراہم کیا جائے گا،پولیس بھرتیوں کا عمل تیزی سے جاری ہے اب تک 50 فیصد بھرتیاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی مراحل جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔