فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، ناقص صفائی پر 2فوڈ پوائنٹس سیل

 فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ، ناقص صفائی پر 2فوڈ پوائنٹس سیل

98فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 11کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 53ہزار جرمانہ

راولپنڈی(نیوزرپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مری، نیو مری، پتریاٹہ، مال روڈ اور مری ایکسپریس وے سمیت مختلف سیاحتی مقامات پر 98 فوڈ پوائنٹس کی تفصیلی چیکنگ کی ۔ دورانِ معائنہ صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری اشیائے خورونوش اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 11 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 53 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق انتہائی ناقص انتظامات اور غیر تسلی بخش صورتحال پر 2 فوڈ پوائنٹس کو فوری طور پر بند بھی کر دیا گیا، بھاری مقدار میں ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس، مصالحہ جات اور دیگر مضرِ صحت اشیاء تلف کر دی گئیں تاکہ سیاحوں کی صحت کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے ،حکام نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صفائی، معیاری خوراک اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں