گرین انکلیو-I کے الاٹیز کے مسائل حل کرینگے،ڈی جی ہائوسنگ اتھارٹی
منصوبوں کی بروقت تکمیل،معیاری ترقیاتی کاموں کیلئے اقدامات کر رہے ،ظفر اقبال
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) گرین انکلیو-I کے معزز الاٹیز کے وفد نے ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤ سنگ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جس میں گرین انکلیو-I سے متعلق مختلف امور، ترقیاتی سرگرمیوں اور الاٹیز کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی نے وفد کے تمام تحفظات اور تجاویز نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنیں اور یقین دہانی کرائی کہ الاٹیز کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی اپنے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری ترقیاتی کاموں کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور گرین انکلیو-I بھی ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ وفد نے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی، کھلے دل سے گفتگو اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ادارے کی کاوشوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے ۔