لہتراڑ روڈ پر تجاوزات کیخلاف آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات مسمار
سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم غیر قانونی سٹالز ختم،مختلف مقامات سے سامان بھی قبضے میں لے لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے ، ڈی ایم اے اور انفورسمنٹ کی مشترکہ ٹیموں نے لہتراڑ روڈ پر علی پور ترلائی سے پنجگراں سٹاپ تک گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے سڑک کنارے اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔آپریشن کے دوران سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم غیر قانونی سٹالز، اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا، مختلف مقامات سے سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا،کارروائی کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا، پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ بحال کرنا اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضوں کا خاتمہ کرنا ہے مقامی شہریوں نے کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس نوعیت کے آپریشن روزانہ یا باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں تو سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات قائم ہونے کی حوصلہ شکنی ہوگی۔