گرمائی تعطیلات ختم ہونے سے قبل سکولوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت
صفائی، کلاس رومز، واش رومز، لان، چھتوں کی عمومی دیکھ بھال کا جائزہ لیا جائیگا
راولپنڈی (خاور نواز راجہ) سکولزایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں مانیٹرنگ افسران کو سکولوں کی مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کر دیں، متعلقہ اضلاع کے تمام سرکاری سکولوں کا دوبارہ کھلنے سے قبل معائنہ یقینی بنایا جائے۔ پنجاب کے سکول 24اگست کو دوبارہ کھلنے ہیں۔ معائنہ کے دوران سکولوں کی صفائی، کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدان، لان، چھتوں اور دیگر مقامات کی عمومی دیکھ بھال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کلاس رومز میں فرنیچر، پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس، وائرنگ اور دیگر برقی آلات کی فعالیت بھی چیک کی جائے گی۔ ضلعی مانیٹرنگ افسران کو صاف پینے کے پانی، فعال واش رومز، صفائی ستھرائی، سکیورٹی ایس او پیز، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر حفاظتی آلات کی دستیابی و فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے انسدادِ ڈینگی اقدامات پر خصوصی توجہ دینے اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ معائنے کے دوران سامنے آنے والی کسی بھی کمی یا خامی کی فوری نشاندہی کرکے ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے اور ضرورت پڑنے پر فالو اَپ معائنہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments