2ہفتوں میں 768ملزم گرفتار، 21کروڑ کا مال مسروقہ برآمد
گھریلو چوری، گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی چوری میں ملوث 33گینگز کے 84ارکان گرفتار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 768ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 21کروڑ 75لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ ڈکیتی، راہزنی، گھریلو چوری اور گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی چوری میں ملوث 33گینگز کے 84ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، طلائی زیورات، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔ اسی طرح اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں 515سے زائد اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 98ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے آٹھ کلاشنکوفیں و رائفلیں، مختلف بور کے 83پستول اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ 71ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10کلو گرام سے زائد چرس، چار کلو گرام سے زائد ہیروئن، 13کلو گرام آئس اور شراب کی 874بوتلیں برآمد کی گئیں۔ مزید برآں، جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 96سے زائد گرینڈ کومبنگ و سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments