شہر میں منشیات فروشی کا دھندا پھر عروج پر پہنچ گیا
مختلف علاقوں میں فروخت کے ٹھکانے اور منشیات کے عادی افراد کے اڈوں پر سپلائی د یئے جانے کاانکشاف ،منشیات فروشی کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ضلعی پولیس کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر میں منشیات فروش ایک بار پھر سرگرم ہونے لگے ہیں۔ مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر منشیات فروشی کے ٹھکانے قائم ہونے اور منشیات کے عادی افراد کے اڈوں پر سپلائی د یئے جانے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ منشیات کی باآسانی دستیابی کے باعث نوجوان نسل، بالخصوص طلبہ و طالبات، اس لعنت کا شکار ہو کر اپنا مستقبل داؤ پر لگانے لگے ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ کھلے عام منشیات فروشی کے باوجود پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہیں کی جا رہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں منشیات فروشی میں ملوث بااثر اور اعلیٰ حلقوں سے تعلقات رکھنے والے عناصر دوبارہ سرگرم ہو گئے ہیں۔
باغ جناح سے ملحقہ بلال روڈ، سمندری روڈ، لاری اڈا، مدینہ ٹاؤن، سوساں روڈ، نڑ والا روڈ، جھال خانوآنہ چوک، ناولٹی پل، کوریاں پل، علامہ اقبال کالونی موڑ، جھنگ روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، کوہ نور فلیٹ چوک، فیض آباد، غلام محمد آباد، کینال روڈ اور شہر کے مختلف قبرستانوں سمیت دیگر مقامات پر منشیات کے عادی افراد کے اڈے قائم ہونے کی اطلاعات ہیں، جہاں مبینہ طور پر کھلے عام منشیات استعمال کی جاتی ہیں۔ان مقامات پر منشیات کے استعمال سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ بچوں اور نوجوانوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے کارندے مبینہ طور پر ان اڈوں پر ہی منشیات پہنچاتے ہیں۔ چھوٹے پیکٹ بنا کر منشیات فروخت کرنے کا دھندا بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق منشیات فروشی اور منشیات کے عادی افراد کے اڈوں کے حوالے سے متعدد بار پولیس حکام کو شکایات کی جا چکی ہیں، تاہم مبینہ طور پر بااثر منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جاتی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات کی آسان دستیابی کے باعث طلبہ و طالبات سمیت نوجوان نسل اس لت میں مبتلا ہو رہی ہے ، جس سے ان کے مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کے مطابق منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments