ڈویثرن کے ڈیڑھ ہزار صنعتی یونٹس میں آلودگی کنٹرول نظام نصب، سی سی ٹی وی کیمرے آخری مراحل میں
سموگ کا ممکنہ موسم قریب ،ماحولیاتی تحفظ ایجنسی سمیت تمام متعلقہ محکمے چوبیس گھنٹے فیلڈ میں سرگرم ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ہوا فراہم کرنے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں:کمشنرڈاکٹر عمران حامد شیخ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن کے ڈیڑھ ہزار صنعتی یونٹس کے بوائلرز پر اخراجِ آلودگی کنٹرول نظام نصب کیا جا چکا ہے ، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام بھی آخری مراحل میں ہے ۔ کیمروں کو مرکزی کنٹرول سسٹم سے منسلک کرکے ماحولیاتی آلودگی کی نشاندہی اور اس کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سموگ کا ممکنہ موسم قریب ہے اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی سمیت تمام متعلقہ محکمے چوبیس گھنٹے فیلڈ میں سرگرم ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ہوا فراہم کرنے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
وہ ورلڈ وائیڈ فنڈ پاکستان اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے اشتراک سے مقامی کلب میں ماحولیاتی بہتری اور فضائی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے منعقدہ آگاہی نشست سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، ڈائریکٹر فریش واٹر پروگرام سہیل علی نقوی، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر سیال، کوآرڈینیٹر ہارون یونس، وحید خالق رامے، محمد علی اور دیگر شرکا نے بھی اظہار خیال کیا۔کمشنر نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کسانوں سے فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے سپر سیڈر استعمال کرنے کا عہد لیا جا رہا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے گاؤں کی سطح پر نمبرداروں اور محکمہ زراعت کے افسروں کو اہداف دیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments