پیمائش میں رد وبدل ،تین فلنگ سٹیشن کو شوکاز نوٹس جاری
اسسٹنٹ کمشنر نیلور کی رپورٹ پر پمپس کی مشینوں کا معائنہ،7 روز میں جواب طلب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں پٹرول کی پیمائش میں مبینہ ردوبدل کے لیے فیول ڈسپنسنگ مشینوں میں الیکٹرانک ڈیوائسز نصب کرنے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ نے لہتراڑ روڈ پر واقع تین فلنگ سٹیشنز کے مالکان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں تحریری وضاحت طلب کر لی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نیلور کی رپورٹ پر تینوں پیٹرول پمپس کی مشینوں کا معائنہ کیا گیا، جس کے دوران مبینہ طور پر الیکٹرانک ڈیوائسز نصب پائی گئیں۔
انتظامیہ نے متعلقہ مشینیں سیل کر کے برآمد ہونے والی ڈیوائسز کو تکنیکی معائنے کے لیے محفوظ کر لیا ہے ۔ متعلقہ مالکان کو نوٹس موصول ہونے کے سات روز کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کے ساتھ این او سی، متعلقہ لائسنس، فارم کے سرٹیفکیٹس، فیول ڈسپنسنگ مشینوں کے معائنے اور دیکھ بھال کا ریکارڈ اور اپنے دفاع میں دیگر دستاویزی شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے تینوں فلنگ اسٹیشنز کی انتظامیہ کو 18 نومبر 2026 کو صبح 10 بجے ذاتی سماعت کے لیے بھی طلب کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments