غریب آباد انڈر پاس پر حادثہ ،میاں بیوی اور بچی جاں بحق
خرم ،جویریہ اور 5سالہ کرینہ موٹرسائیکل پر سوار تھے ، گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کردیا
بلدیہ ٹاؤن میں کوچ نے 6سالہ صفیان، واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل پرسوار بچے کو کچل دیا کراچی(اسٹاف رپورٹر)غریب آباد انڈر پاس میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے میاں بیوی اور بچی جاں بحق ہوگئے ،اتحاد ٹاؤن اور منگھوپیر کے علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران دوبچے جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق شریف آباد کے علاقے غریب آباد انڈر پاس میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار مرد ،عورت اور ایک بچی شدید زخمی ہو گئے ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی تاہم پولیس موقع پر نہیں پہنچ سکی ،زخمیوں کی حالت مزید بگڑنے پرمشتعل شہریوں نے تینوں کو عباسی اسپتال بھجوا دیا ،جہاں پر تینوں نے دوران علاج دم توڑ دیا ،ایم ایل او عباسی اسپتال نے بتایا کہ متوفین کی شناخت 30سالہ خرم، 28سالہ جویریہ اور 5سالہ کرینہ کے نام سے کی گئی ہے جو کہ آپس میں میاں بیوی تھے اور کرینہ ان کی بیٹی تھی جبکہ متوفین ناظم آباد اورنگ آباد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ،حادثے کے حوالے سے لیاقت آباد اور شریف آباد تھانے کی پولیس حدود کے تنازعے پر 2گھنٹے تک کارروائی سے گریز کرتی رہی ،بعد ازاں ایس پی لیاقت آباد طاہر نورانی نے صورتحال کو دیکھتے ہو ئے شریف آباد پولیس کو قانونی کارروائی کی ہدایت دے دی ۔اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 9نواب کالونی 20نمبر بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار الیاس کوچ نے سڑک عبور کرنے والے 6سالہ محمد صفیان ولد نفیس کو کچل دیا، متوفی اتحاد ٹاؤن کا رہائشی تھا ۔منگھوپیر کے علاقے میں ناردرن بائی پاس خیر آباد میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار افراد کو روند ڈالا ،حادثے کے نتیجے میں 1سالہ سلمان ولد عزت خان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اسحاق زخمی ہوگیا،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واٹر ٹینکر کو قبضے میں لیکر ڈرائیور کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ متوفی اس ہی علاقے کا رہائشی ہے ۔