آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت آپریشنل کمانڈرز کانفرنس

آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت آپریشنل کمانڈرز کانفرنس

رمضان المبارک میں سکیورٹی سخت ،شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس علی ناصر رضو ی کی زیر صدارت سیف سٹی اسلام آبادمیں آپریشنل کمانڈرز کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں تمام ڈی آئی جیز، اے آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ امن و امان اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔آئی جی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، تجارتی مراکز، رمضان بازاروں اور اہم عوامی مقامات پر سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی خصوصی سکیورٹی کے احکامات بھی جاری کئے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے ماہِ رمضان المبارک میں وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائیگا۔ رمضان المبارک کے دوران اہم تنصیبات، بازاروں اور تجارتی مراکز کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے شہر بھر کی مؤثر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔ شہر بھر میں پولیس کے چاک و چوبند دستے مؤثر گشت کو یقینی بنائیں گے ۔آئی جی نے افسران کو سحر و افطار کے اوقات میں خصوصی ٹریفک پلان نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ اہم شاہراہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں