ملاوٹی خوراک، 6 ماہ میں 132 مقدمات، 181 یونٹس سیل
33ہزار فوڈ پوائنٹس، پروڈکشن یونٹس، ملک سپلائرز، میٹ شاپس اور گوداموں کی چیکنگ پنجاب فوڈ نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کیساتھ مشترکہ طور پر انٹیلی جنس بیسڈ 42آپریشنز کئے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جڑواں شہروں میں فوڈ فراڈ مافیا اور ملاوٹی خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینکڑوں مقدمات درج، متعدد یونٹس سیل اور کروڑوں روپے کے جرمانے عائد کر دئیے۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یکم اگست 2025سے اب تک راولپنڈی میں 33ہزار فوڈ پوائنٹس، پروڈکشن یونٹس، ملک سپلائرز، میٹ شاپس اور گوداموں کی چیکنگ کی گئی جس کے دوران 132مقدمات درج کیے گئے جبکہ 181یونٹس کو سیل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 4 ہزار 923فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر 10کروڑ 52لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ مہم کے دوران 1کروڑ 81لاکھ 57ہزار لیٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 1لاکھ 58ہزار 655لیٹر ناقص اور ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر انٹیلی جنس بیسڈ 42آپریشنز بھی کیے جن کے نتیجے میں 23مقدمات درج ہوئے اور جعلی خوراک کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا گیا۔