سکھر:گورنمنٹ گرلز کالج میں تقریری مقابلوں کا انعقاد
تقریری مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیںبڑھتی ہوئی تمباکو نوشی سے نئی نسل پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں،مقررین کا خطاب
سکھر(نمائندہ دنیا) ناری فائونڈیشن سکھر کی جانب سے گورنمنٹ گرلز اسکول کریما لائق ماکا میں طالبات میں تقریری مقابلوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر نسیم لاکھو نے کہاکہ بڑھتی ہوئی تمباکو نوشی سے نئی نسل پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، اسکولوں، کالجز اور تعلیمی اداروں کے لیے جو قانون بنایا گیا تھا اس پر تاحال عمل در آمد نہیں کرایا جاسکا اور نہ ہی تمباکو بیچنے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی گئی ہے ۔ اس موقع پر ناری فائونڈیشن کے ڈائریکٹر انور مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 8 نومبر 2012 کو سندھ ہائی کورٹ نے حکم نامہ بھی جاری کیا تھا کہ گٹکے اور مین پوری پر پابندی لگائی جائے لیکن ہماری حکومت اس کی خرید و فروخت کو بند کروانے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔ افشاں اصغر نے کہاکہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے پبلک مقامات پر چھاپے مارے جائیں۔ بعد ازاں تقریری مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔