سرکاری نرخ نظر انداز، عید قریب آتے ہی برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ
ایک ہفتے میں قیمت 70روپے بڑھ گئی ، سرکاری نرخ 519کے بجائے 560روپے فروخت ‘انتظامیہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروا ئی کرے :شہری ‘مرغی فارم سے مہنگی مل رہی :دکاندار
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید الفطر قریب آ تے ہی گوجرانوالہ میں برائلر مر غی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔دکانداروں نے سرکاری ریٹ لسٹ نظر انداز کر کے مرضی کے ریٹ مقرر کر لئے‘دکاندار برائلر مرغی کا گوشت 560روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں جس کے باعث چکن عام آدمی کی پہنچ سے دور ہونے لگا ۔تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 70روپے فی کلو گرام اضافہ ہوا ہے ، مر غی کے گوشت کا سرکاری ریٹ 519روپے فی کلو گرام ہے لیکن دکانداروں نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔ دکانداروں نے ریٹ لسٹ تو آویزاں کی ہوئی ہے لیکن گوجرانوالہ میں کسی بھی جگہ اس ریٹ پرگوشت نہیں مل رہا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جب کوئی تہوار آتا ہے تو منافع خور سرگرم ہو جاتے ہیں ،ضلعی انتظامیہ کو ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے اور سرکاری نرخ پر مرغی کے گوشت کی فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹ کے مطابق پولٹری فامرز سے مرغی نہیں مل رہی ،سرکاری ریٹ پر فروخت کیسے کریں ۔