آٹا مرغی کا گوشت مزید مہنگا، دووقت کی روٹی مشکل
15کلو آٹے کا تھیلا 2400روپے تک پہنچ گیا،کم آمدن والے خاندان بچوں کاپیٹ پالنے کیلئے شدید پریشانی کاشکار مرغی کے گوشت کاسرکاری نرخ 584سے بڑھ کر 621ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں700روپے کلو تک فروخت کیاجارہا
لاہور(آئی این پی، آن لائن)آٹے اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں کوپرلگ گئے ،غریب اور متوسط طبقے کیلئے دووقت کی روٹی کاحصول مشکل ہوگیا۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے تک پہنچ گیاجبکہ برائلرگوشت کے نرخ ایک ہفتے میں35 روپے تک بڑھنے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں ۔ ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں سینکڑوں روپے تک اضافہ ہونے سے کم آمدن والے خاندان بچوں کاپیٹ پالنے کیلئے شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ 15 کلو آٹے کا تھیلا ایک ماہ قبل 1800 روپے میں فروخت ہو رہا تھا جسکی قیمت میں 600 روپے اضافے کے بعد اب 2400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ شہریوں کاکہناہے کہ مہنگا آٹا دیہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدن والے طبقے کی پہنچ سے باہر ہونے لگا ہے ،محدود آمدن والے خاندانوں کیلئے گھر کا چولہا جلانا بھی دشوار ہو گیا ہے ، غریب خاندان بنیادی ضرورت آٹا خریدنے سے بھی پریشان ہے ، آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے ، آٹے کی قیمتوں میں فوری کمی اور ریلیف فراہم کیا جائے اورسرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے ۔دوسری جانب لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران قیمت 35 روپے بڑھ گئی ۔سرکاری نرخنامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 584 روپے سے بڑھ کر 621 روپے فی کلو ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں چکن 700 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments