کلورکوٹ:آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، غریب طبقہ پریشان
کلورکوٹ:آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، غریب طبقہ پریشانچکی کا آٹا 140 سے 150 روپے فی کلو تک پہنچنے کی اطلاعات ، لوگوں کو مشکلات
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا) کلورکوٹ اور گردونواح میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹا بھی مہنگا ہو گیا ہے ۔ 100 کلو گرام گندم کی بوری 14 سے 15 ہزار روپے میں فروخت ہونے لگی جبکہ چکی کا آٹا 140 سے 150 روپے فی کلو تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے ۔کلورکوٹ اور گردونواح کے دیہی علاقوں میں گندم کی بوائی مکمل ہونے کے بعد گندم کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق گندم کی 100 کلو گرام بوری 14 سے 15 ہزار روپے میں فروخت ہو رہی ہے ۔ گندم مہنگی ہونے کے باعث بازاروں اور دیہی علاقوں میں چکی کے آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔شہریوں کے مطابق ایک ہفتہ قبل 100 سے 110 روپے فی کلو فروخت ہونے والا آٹا اب 140 سے 150 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث آٹا غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے ۔ چکی مالکان کا مؤقف ہے کہ جب انہیں گندم 14 سے 15 ہزار روپے فی بوری ملے گی تو وہ سستا آٹا کیسے فروخت کر سکتے ہیں۔ حکومت انہیں سستی گندم فراہم کرے تو وہ بھی عوام کو کم قیمت پر آٹا مہیا کر سکتے ہیں۔دوسری جانب گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود سرکاری مشینری اور پرائس کنٹرول کے ذمہ دار اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نظر نہیں آ رہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بھی کوئی بڑی کارروائی سامنے نہیں آئی۔کلورکوٹ کے غریب عوام نے ڈپٹی کمشنر بھکر اور اسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور انہیں سستے داموں آٹا فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے گندم ذخیرہ کرکے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غریب خاندان اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments