گھارو میں منشیاتا اور گٹکا فروشوں کے خلاف کریک ڈائون, 5 ملزمان گرفتار
بڑی مقدار میں منشیات اور گٹکا تحویل میں لے لیا گیا،مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے بعد گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
محراب پور میں آکٹرا پرچی اور اسنوکر کلب شراب کی فروخت کا مرکز بن گئے ، ٹھاروشاہ میں دیسی شراب کی مانگ اور قیمت میں اضافہگھارو،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)گھارو میں پولیس کا منشیات اور گٹکا فروشوں کے خلاف کریک ڈائون مختلف مقامات پر چھاپے مار کر بڑی مقدار میں منشیات اور گٹکا برآمد5ملزمان گرفتار ۔تفصیلات کے مطابق گھارو ، میرپورساکرو اور ٹھٹھہ پولیس نے گھارو شہر اور اسکے گردونواح کے مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات اور گٹکا تحویل میں لیکر 5 ملزمان بھورو بٹ، غلام نبی ،عباسی عمر، شکیل احمد اور محمد علی کو گرفتار کر کے انکے خلاف گھارو پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ پولیس کے مطابق جب تک شہر سے منشیات اور گٹکے کا خاتمہ نہیں ہو جاتا آپریشن جاری رہے گا۔ ادھر سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت پر حکومت سندھ کی جانب سے شراب کی دکانوں کو سیل کیے جانے کے باوجود محراب پور میں شراب کی ہوم ڈلیوری جاری ہے جبکہ آکٹرا پرچی اور اسنوکر کلب شراب کی فروخت کا مرکز بن گئے ہیں شہرمیں منشیات، گٹکے اور پان پراگ کی بھی کھلے عام فروخت جاری ہے ۔ نوناری ،ملاح ،ماچھی محلہ،بلاول کالونی اوراسنوکر کلب ہیروئن فروخت کرنے کے مراکز بن گئے ہیں ان سماجی برائیوں کے اڈوں کو پولیس سرپرستی حاصل ہے ،نشاندہی کے باوجودایس ایس پی نوشہروفیروز انکے خلاف کارروائی نہیں کررہے ۔ٹھارو شاہ سے نمائندے کے مطابق ضلع نوشہروفیروز میں وائن شاپس اور وئر ہائوسز بند اور سیل کیے جانے کے بعد محکمہ ایکسائز پولیس اور دیگر اداروں کوملنے والے بھتے بند ہو گئے جبکہ ٹھاروشاہ میں دیسی شراب کی مانگ اور قیمت میں اضافے کے ساتھ انڈیا سے برآمد شدہ گُٹکے کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ ضلع بھر میں شراب کی دکانوں کے مالکان نے موبائیل فون پر شراب کی فراہمی شروع کر دی ہے اور من مانی قیمت وصول کرکے شراب لوگوں کو گھروں تک پہنچا ئی جا رہی ہے ، ٹھاروشاہ میں گُٹکے اور مین پوری کا کاروبار کھلے عام چل رہا ہے جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔