کے ایم سی کے قبرستانوں میں من مانے ریٹ لیے جانے لگے
کراچی (این این آئی )کے ایم سی جوائنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی نے کہاکہ کے ایم سی کے قبرستان تدفین کے نام پر فراڈ کے اڈے بن چکے ، یہ فراڈی و کرپشن مافیا وقف قبروں پر تدفین ہی نہیں کراتی بلکہ ایک تدفین کے 50 ہزار تک وصول کیے جاتے ہیں۔
تدفین کے نام پرقبرستان مافیا نے کے ایم سی ملازم کو بھی نہ بخشا، ملازم کے والد کی تدفین ایک وقف قبر کو خالی قبر کہ کر کرادی جبکہ ناجائز طور پر 40 ہزار بھی وصول کرلیے ،تاہم حقائق سامنے آنے پر ملازم نے سینئر ڈائریکٹر کو درخواست دے دی مگر ایک ماہ ہوگیا کوئی کاروائی نہ ہوئی ۔ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ جب ہر قبرستان میں کے ایم سی کا انچارج موجود ہے تو پھر اتنی کرپشن کیوں؟ سوال یہ بھی ہے کہ انچارچ قبرستان اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام کیوں ؟