ریڑھی بازاروں کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے اقدامات
فیصل آباد میں 12 ماڈل ریڑھی بازار فعال ہیں جبکہ مزید 8 کا اضافہ کیا جا رہا :کمشنر
فیصل آباد)سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ نے شہر بھر میں ماڈل ریڑھی بازاروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات مزید تیز کر دئیے ۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر نے بتایا کہ شہر میں 12 ماڈل ریڑھی بازار فعال ہیں جبکہ مزید 8 کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڑھی بازاروں کی صفائی، مینٹی ننس اور پرائس کنٹرول کی باقاعدہ تھرڈ پارٹی انسپکشن کرائی جائے گی، جبکہ ہر ریڑھی بازار میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔کمشنر کے مطابق انسپکشن ٹیمیں مستقل بنیادوں پر ماڈل ریڑھی بازاروں کی نگرانی کریں گی اور تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں آئندہ ہفتے سے پانچ شاہرات پر ریڑھیاں کھڑی کرنے اور گھوم کر کاروبار کرنے والوں کو ایک ہفتے کی مہلت دی جا رہی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ریڑھی فروشوں کو شاہرات پر قائم کیے جانے والے ماڈل بازاروں میں بلامعاوضہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے جا رہے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ مہلت کے بعد مرکزی شاہرات پر ریڑھی لے کر گھومنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی کیونکہ اس سے نہ صرف ٹریفک میں خلل پڑتا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی بھی متاثر ہوتی ہے ۔