شہر میں مویشیوں کے باڑ،گندگی،لوگوں کو مشکلات

شہر میں مویشیوں کے باڑ،گندگی،لوگوں کو مشکلات

ایک اور ڈیڈ لائن گزر گئی ، افسر ایکشن کی بجائے وارننگ سے کام چلارہے ،تعفن پھیلنے سے اہل علاقہ پریشان ،گوبر شامل ہو نے سے سیوریج لائنیں بند رہنے لگیں

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ایک اور ڈیڈ لائن گزر گئی لیکن شہری حدود سے مویشیوں کا انخلا نہ ہوسکا جانوروں کی گندگی سے سیوریج سسٹم بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے میونسپل کارپوریشن افسر ایکشن کی بجائے وارننگ سے کام چلارہے ہیں مسلسل چوتھی وارننگ دے دی گئی لیکن ایکشن سامنے نہ آیا ،میونسپل کارپوریشن کی عدم دلچسپی کے باعث شہری علاقوں سے مویشیوں کا انخلا نہ کروایا جاسکا ماناوالہ ڈی ٹائپ کالونی غلام محمد آباد اور مدینہ ٹاون سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں گائے بھینسوں کے باڑے موجود ہیں شہری رہائشی علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی سے گندگی اور تعفن پھیلنے سے اہل علاقہ شدید پریشانی کا شکار ہیں شہری حدود میں موجود جانوروں کے باڑوں سے روزانہ کئی ٹن گوبر نکلتا ہے جو سیوریج لائنوں میں شامل ہوجاتا ہے جس سے سیوریج لائنیں بند ہوجاتی ہیں اور علاقے میں سیوریج کے پانی سے گلیاں بھر جاتی ہیں جانوروں کا انخلا نہ ہونے کی وجہ سے شہری علاقوں کی خوبصورتی بھی گہنا جاتی ہیں سردی کا موسم شروع ہوتے ہی مویشیوں کی گندگی پر مچھروں کی بہتات ہوجاتی ہے مگر متعلقہ ادارے اس اہم مسئلے کی جانب توجہ دینے کو ہی تیار نہیں ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار ڈپٹی کمشنر اور سی ای او میونسپل کارپوریشن کو درخواستیں بھی دے چکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی جانوروں کی گندگی کے باعث واسا کی لائنیں خراب ہونے سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان ہورہا ہے مگر متعلقہ ادارے خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف ہیں میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہری علاقوں سے جانوروں کا انخلا کروائے لیکن میونسپل کارپوریشن کے افسر ایکشن کی بجائے صرف وارننگ کے اعلانات سے ہی کام چلا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں