ٹریفک پولیس کے مبینہ بلا جواز چالان،لڑائی جھگڑے،بدتمیزی،شہریوں میں تشویش بڑھ گئی
ٹریفک کی طویل قطاریں معمول ، شہریوں کے پاس مکمل دستاویزات ہونے کے باوجود مبینہ طور پر ان پر مختلف اعتراضات لگا کر چالان کیے جانے لگے ، وارڈن اپنا ٹارگٹ پورا کر رہے :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے حکومتِ پنجاب کے احکامات کو جواز بناتے ہوئے مبینہ طور پر بلاوجہ شہریوں کے بھاری چالان کرنا معمول بنا لیا گیا ۔ موٹر سائیکل سواروں اور دیگر وہیکلز پر سوار شہریوں کے پاس مکمل دستاویزات ہونے کے باوجود مبینہ طور پر ان پر مختلف اعتراضات لگا کر چالان کیے جانے لگے ہیں۔ٹریفک افسران و اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے کرنے اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے واقعات بھی بڑھنے لگے ہیں، جبکہ مبینہ نازیبا الفاظ اور غیر اخلاقی رویّے سے روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے واقعات بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اس کے باوجود ٹریفک پولیس حکام ان بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔دوسری جانب ٹریفک کی طویل قطاریں معمول بنتا جا رہا ہے ، ذرائع کے مطابق جی ٹی ایس چوک، ہلال احمر چوک، فیصل پل، ٹریٹ بیکری چوک، چناب چوک، چناب کلب چوک، ڈی ٹائپ چوک، ناولٹی پل، سلیمی چوک اور دیگر اہم مقامات پر ہر آنے جانے والے شہری کو روک کر مبینہ طور پر بلاجواز چالان کر دیا جاتا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے مکمل دستاویزات موجود ہونے کے باوجود پولیس اہلکار اپنے ٹارگٹ پورا کرنے کی نیت سے بلاجواز چالان کرکے پریشان کر رہے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے اہلکاروں کے اخلاق اور روئیے بہتر بنانے کے لیے خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیے جائیں ۔