زرعی یونیورسٹی میں ورلڈ سوائل ڈے کی مناسبت سے آگاہی واک
زمینیں موسمیاتی تبدیلیوں،انسانی سرگرمیوں سے متاثر ہو رہی ہیں:ڈاکٹر ذوالفقار
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ورلڈ سوائل ڈے کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف سوائل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ ہماری زمینیں موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے باعث تیزی سے متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار مٹی کے انتظام کے طریقے مٹی کے کٹاؤ اور آلودگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مٹی کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، زرخیزی میں اضافے اور کاربن ذخیرہ کرنے کے عمل کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ عالمی یومِ مٹی ہر سال 5 دسمبر کو اس مقصد کے تحت منایا جاتا ہے کہ صحت مند مٹی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے اور مٹی کے وسائل کے پائیدار انتظام کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔تقریب میں ڈاکٹر ثنا اللہ، ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر اقبال اور دیگر اساتذہ و طلبہ نے بھی شرکت کی۔