گوڑانو ایریا:زمین کے معاوضے کی ادائیگی، مزید 591افراد شامل

گوڑانو ایریا:زمین کے معاوضے کی ادائیگی، مزید 591افراد شامل

ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے ، معاوضہ فراہمی تاریخی اقدام، تھر فاؤنڈیشنمستقبل میں بھی مزید بہتر منصوبے شروع کیے جائینگے ۔ ایم این اے مہیش کمار ملانی

اسلام کوٹ (نامہ نگار)گوڑانو ایریا کے مستحق رہائشیوں کے لیے 2025 کے سالانہ معاوضہ چیکس کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں سندھ حکومت کی جانب سے رقم کی باضابطہ تقسیم کا آغاز کیا گیا۔ اس سال معاوضے کی تقسیم کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، جس کے تحت گوڑانو ڈیم کے تین کلومیٹر کے اندر آنے والے مزید دیہات کاٹن، متو کا تڑ، احسان شاہ کا تڑ، کھوکھر ڈھانی، سلیمان حجام کے مزید 591 مستحق افراد کو بھی شامل کیا گیا، جبکہ اس سے قبل ایک کلومیٹر کی حد میں شامل 501 خاندانوں تک ہی چیکس کی تقسیم محدود تھی۔ اس طرح مجموعی طور پر اس سال 1092 مستحق خاندانوں کو چیکس دیے گئے۔

چیکس کی تقسیم ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اور تھر فاؤنڈیشن کے سی ای او عامر اقبال، جی ایم کارپوریٹ افیئرز سبین شاہ اور سشیل ملانی نے کی، تھر فاؤنڈیشن کی ٹیم نے چیکس کی شفاف اور منظم تقسیم کو یقینی بنایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اور تھر فاؤنڈیشن علاقے میں تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فلاحی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، مستقبل میں مزید بہتر منصوبے شامل کئے جائینگے ۔ تھر فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر فرحان انصاری نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن گوڑانو اور آس پاس کے دیہات میں اسکولوں، اسپتالوں، آر او پلانٹس اور روزگار کی فراہمی سمیت اہم سماجی خدمات انجام دے رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں