ہم قسطوں پر کراچی بھی واپس لے رہے ہیں، خالد مقبول
دو سال بعد بلدیاتی ملازمین کو پنشن جاری کرنے والوں کا شکریہ ادا نہیں کریں گےکے پی ٹی کے تاریخی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری پر بہادر آباد میں تقریب کا انعقاد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرکز بہادرآباد پر کے پی ٹی کے تاریخی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری اور ٹاؤنز کے دو ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کی دو سال سے رکی ہوئی پنشن کی بحالی کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اللہ کا شکر ہے کہ قسطوں میں صحیح انصاف بھی مل رہا ہے اور انشائاللہ! ہم قسطوں پر کراچی بھی واپس لے رہے ہیں، انہوں نے دو سال تک پنشن کو روکنے کے عمل کو قانون اور آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کریں گے جنہوں نے دو سال کے بعد پنشن جاری کی بلکہ ہم ان سے حساب لیں گے اور یہ دو سال سود سمیت واپس کرنا پڑیں گے۔
چیئرمین ایم کیو ایم نے لیگل ایڈ کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا کہ اس نے ہر مشکل، کڑے اور نازک موڑ پر عدالتوں سے انصاف لے کر دلایا ہے اور آج بھی اگر اس قوم اور اس شہر کے مسائل کا حل کسی کے پاس ہے تو وہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہے ، جس کی قیادت میں انشائاللہ مزید کامیابیاں اور کامرانیاں نصیب ہوں گی۔ اس موقع پر مرکزی رہنما عبدالحسیب نے کہا کہ ایم کیو ایم کی لیگل ایڈ کمیٹی نے ٹاؤنز کے ڈھائی ہزار ملازمین کی پنشن کی بحالی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے جو 2023ء سے اپنی جدوجہد میں تھے ، جبکہ کے پی ٹی کے تمام مزدوروں اور انتظامیہ کو تاریخ ساز ایگریمنٹ کرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔