انسداد پولیومہم آج شروع ہوگی ، انتظامات مکمل

 انسداد پولیومہم آج شروع ہوگی ، انتظامات مکمل

مہم کے دوران 21لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ایریا انچارجز کو فعال کردار ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ،کمشنر حسن نقوی

کراچی(اے پی پی)کراچی انتظامیہ نے پیر (آج)سے شروع ہونے والی انسداد پولیومہم کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں،پولیومہم 21دسمبر تک جاری رہے گی، اس دوران اکیس لاکھ سے زائدبچوں کو پولیو کے قطرے پلاے جائیں گے جبکہ 26 لاکھ پولیوورکرز اپنے فرائض انجام دیں گے ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ کراچی انتظامیہ نے مہم پر موثر عملدرآمد اور مقررہ ہدف کے حصول کے لیے ای او سی محکمہ صحت اور یونیسف و دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی ہے ، اس سلسلہ میں یونیسف اور محکمہ صحت کے تعاؤن سے مائکرو پلان میں پولیو ورکرز کے کردار کو موثر بنانے کے لئے ان کی خصوصی تربیت کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ، جس کے تحت ایریا انچارجز کو فعال کردار ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔منصوبہ بندی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کو ان کی رہنمائی اور والدین، کمیونٹی کے ساتھ شراکت اور تعاؤن کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ اس حوالے سے ای او سی، ضلعی انتظامیہ ،ورکرز اور ایریا انچارجز کا تربیتی پروگرام گزشتہ ہفتہ سچل گوٹھ سہراب گوٹھ ٹاؤن میں منعقد کیا، جس میں مختلف اضلاع کے ایریا انچارجز نے شرکت کی،انہیں انکارکرنے والے والدین کو آمادہ کرنے کے لئے خصوصی تربیت دی گئی ہے ۔ کمشنر کراچی نے خود بھی تربیتی پروگرام کا معائنہ کیا اور ان کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی انتظامیہ پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں