ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان کا تحصیل لالیاں کا تفصیلی دورہ
لالیاں (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے تحصیل لالیاں کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لالیاں ڈاکٹر انس سعید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول احمد نگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ کی حاضری، انتظامی و تدریسی امور کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک احمد نگر کا معائنہ کرتے ہوئے طبی و انتظامی امور، ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹرز کی حاضری کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لالیاں کا بھی دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجے اور ادویات کی دستیابی سے متعلق دریافت کیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے صدیق لالی پارک لالیاں کا دورہ کیا، پارک کے مختلف حصوں، واکنگ ٹریک اور فیملیز کے لیے دستیاب تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو پارک میں مزید شجرکاری، وائٹ واش، جھولوں اور بنچز کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر لالیاں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے سائلین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا اور سنٹر انچارج کو مزید بہتری کے حوالے سے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو بلاوجہ انتظار نہ کرایا جائے ، عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔