اقلیتی برادری کے ووٹ اندراج کیلئے آگاہی پروگرام
شرکاء میں ووٹر آگاہی پمفلٹس، سرٹیفکیٹس ،ووٹ اندراج و منتقلی کے فارم تقسیم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سہ ماہی ووٹر آگاہی کلینڈر کے تحت ضلع کوٹ ادو میں اقلیتی برادری کے لیے ووٹر آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام بستی درکھان والا میں ہندو برادری کی شرکت سے منعقد ہوا جس میں ضلعی الیکشن کمشنر اللہ بخش ملغانی نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے تمام افراد اور ان کے اہل خانہ قومی شناختی کارڈ بنوائیں اور ووٹ کا اندراج مکمل کریں تاکہ وہ قومی دھارے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے لیے شناختی کارڈ کے اجراء میں سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، تاہم آگاہی کی کمی کے باعث بڑی تعداد میں افراد شناختی کارڈ اور ووٹ اندراج سے محروم ہیں۔پروگرام کے دوران اقلیتی نوجوانوں کو شناختی کارڈ اور ووٹ اندراج میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اختتام پر شرکاء میں ووٹر آگاہی پمفلٹس، سرٹیفکیٹس اور ووٹ اندراج و منتقلی کے فارم تقسیم کیے گئے۔ تاکہ انتخابی عمل سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔