نشتر پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ چوری کیس، انکوائری تاحال نامکمل
کمیٹی کی مدت ختم، شواہد جمع ، سوشل میڈیا الزامات پر بھی تحقیقات جاری
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال کے پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ سے مبینہ چوری کے معاملے پر قائم انکوائری کمیٹی مقررہ مدت گزرنے کے باوجود اپنی رپورٹ مرتب نہ کر سکی۔ گزشتہ روز انکوائری کمیٹی کے ارکان نے پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شواہد اکٹھے کیے ، تاہم حتمی رپورٹ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔نشتر ہسپتال کے بعض ملازمین کا کہنا ہے کہ چند عناصر ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس بنا کر ہسپتال کے خلاف ویڈیوز وائرل کر رہے ہیں۔ اسی تناظر میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی، جس میں پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ ملی بھگت سے چوری کا الزام لگایا گیا۔ویڈیو میں نظر آنے والے سینئر کلرک لقمان نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کو تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ ویڈیو ایک ملازم نے بنا کر وائرل کی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر جانبدار تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر الزامات کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ اگر کسی بھی سطح پر چوری ثابت ہو تو سخت کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر ادارے اور ملازمین کی کردار کشی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔درخواست پر وائس چانسلر کی ہدایت سے چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جسے تین روز میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی، تاہم تاحال رپورٹ مکمل نہیں ہو سکی۔