اے ڈی بی کیساتھ ML-1 منصوبہ کا معاہدہ طے پا چکا ، وزیر ریلوے
راولپنڈی میں پاکستان کا پہلا سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشن قائم کیا گیا حنیف عبا سی سے سیکرٹری دفاع کی ملاقات،ریلوے انفرا سٹرکچرپر تبادلہ خیال
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈیفنس سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ حنیف عباسی نے بتا یا ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ML-1 منصوبے کا معاہدہ طے پا چکا ہے ، جسے جلد مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان کا پہلا سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشن راولپنڈی میں قائم کیا گیا ہے ، جہاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی 24/7 مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے اور 184 جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں ۔ ٹرینوں اور رولنگ سٹاک کی ریئل ٹائم ٹریکنگ ممکن بنائی جا رہی ہے جس سے آپریشنل شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بڑے اور اہم سٹیشنز پر مفت وائی فائی سہولت کے ذریعے تقریباً 70 فیصد فٹ فال کو کور کر لیا گیا ہے ۔ ڈیفنس سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے اصلاحاتی اقدامات کو سرا ہا ۔ ملاقات میں ریلوے کے انفرا سٹرکچر، فریٹ سروس اور سہولتوں میں بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔