ادارہ ترقیات:غیر قابل استعمال پلانٹس ،مشینری اور اسکریپ کی نیلامی کا آغاز
اوپن پبلک آکشن میں شہریوں، تاجروں اور مختلف اداروں کی جانب سے بھرپور شرکت ،آج اورکل بھی نیلامی ہوگی تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے گئے ،کے ڈی اے انتظامیہ کا عوام کی غیرمعمولی دلچسپی پر اظہار اطمینان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے غیر قابلِ استعمال پلانٹس، مشینری، ہیوی وہیکلز، سرکاری گاڑیوں کے اسکریپ اور متفرق سامان کی اوپن پبلک آکشن کا پہلا روز مکمل ہوگیا۔پری اسٹریسڈ پائپ فیکٹری، کے ڈی اے میں منعقدہ اوپن پبلک آکشن میں کراچی کے شہریوں، تاجروں اور مختلف اداروں کی جانب سے بھرپور اور حوصلہ افزا شرکت دیکھنے میں آئی۔ عوام کی جانب سے آکشن میں غیر معمولی دلچسپی اور مثبت ردِعمل سامنے آیا، جس پر کے ڈی اے انتظامیہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔کے ڈی اے حکام کے مطابق آکشن کے تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے گئے جبکہ آکشن کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے فیس بک پر لائیو اسٹریمنگ بھی جاری رہی، تاکہ عوام براہِ راست اس عمل کو دیکھ سکیں۔ کے ڈی اے کے مطابق اوپن پبلک آکشن جمعرات (آج)اور جمعے (کل) کو بھی پری اسٹریسڈ پائپ فیکٹری میں جاری رہے گی،
جس میں مزید سامان اور گاڑیوں کی نیلامی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام، تاجر اور سرکاری و نجی ادارے آکشن میں شرکت کے اہل ہیں۔کے ڈی اے انتظامیہ نے کراچی کے شہریوں کے تعاون اور بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دو دن بھی آکشن اسی جوش و خروش اور شفاف انداز میں کامیابی سے جاری رہے گی۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے آکشن کمیٹی کے چیئرمین / ممبر فنانس محمد کاشف خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آکشن کے پہلے دن آپ کی ٹیم آئی ٹی اور فنانس ڈپارٹمنٹ نے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھا جس کے لئے ادارہ ترقیات ان کی محنت کوقدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ نیلامی سے متعلق مزید تفصیلات اور شرائط کے ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.kda.gos.pkپر دیکھی جا سکتی ہیں۔آکشن کے موقع پرآکشن کمیٹی کے چیئرمین / ممبر فنانس محمد کاشف خان، کمیٹی ممبران میں ناصر حمیدی، ندیم تاج، محمد عارف ودیگر افسران موجود تھے ۔