ترقیاتی مسائل کی بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام، احسن اقبال
کسی بھی معاشی منصوبے کو تسلسل کے ساتھ آگے نہیں بڑھنے دیا گیا،تقریب سے خطاب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترقیاتی مسائل کی بنیادی وجہ پالیسیوں یا خیالات کی کمی نہیں بلکہ سیاسی استحکام، تسلسل اور بچوں پر مسلسل سرمایہ کاری کا فقدان ہے ۔ یونیسف، پائیڈ اور حکومت پاکستان کی مشترکہ معاونت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محض فزیکل انفراسٹرکچر بامعنی ترقی کی ضمانت نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہاکہ آپ جتنا بھی سرمایہ فزیکل انفراسٹرکچر پر لگا لیں، اگر سماجی و معاشی بنیاد کمزور ہو تو وہ سیمنٹ اور سٹیل سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتا ۔احسن اقبال نے کہا کہ قومی وژنز، جن میں وژن 2010 اور وژن 2025 شامل ہیں، منصوبہ بندی میں تسلسل کو مرکزی حیثیت دیتے رہے ہیں، مگر سیاسی عدم استحکام کے باعث ان پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاسی تاریخ میں کسی بھی معاشی منصوبے کو تسلسل کے ساتھ آگے نہیں بڑھنے دیا گیا،پروگرام بار بار منقطع ہوئے اور اسی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے ۔انہوں نے موجودہ دور کو ملک کے لیے فیصلہ کن مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ نازک نہیں بلکہ فیصلہ کن موڑ ہے ۔ ہمیں طے کرنا ہوگا کہ ہم گزشتہ 78 برسوں کی غلطیاں دہراتے رہیں گے یا کوئی نیا راستہ اختیار کریں گے ۔