ڈی سی وہاڑی کی انسداد پولیو مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت

ڈی سی وہاڑی کی انسداد پولیو مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت

سخت سردی میں ٹیموں کی کاوشیں قابلِ تحسین، والدین تعاون کریں، خالد جاوید

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی، سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھتے ہیں۔ سخت سردی کے باوجود پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر فرائض انجام دے رہی ہیں، والدین سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ دو سال تک کی عمر کے بچوں کا ڈیٹا مکمل کیا جائے ، فنگر مارکنگ کا عمل بہتر بنایا جائے اور خانہ بدوش بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں مزید محنت اور جذبے سے کام کریں جبکہ سکیورٹی اہلکار بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ دوسرے روز ایک لاکھ 54 ہزار بچوں کا ہدف مقرر تھا جس میں سے ایک لاکھ 43 ہزار 329 بچوں کو قطرے پلائے گئے اور 95 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔ اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر حسان احمد سمیت ضلعی افسروں نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں