ڈاؤ یونیورسٹی کانووکیشن ،2894طلبا کو اسناد تفویض
تیرہ انسٹی ٹیوٹ اور کالجز کے تین تین بیسٹ گریجویٹس کو میڈل بھی دئیے گئےمصنوعی ذہانت کے دور میں مسابقت میں اضافہ فطری ہے ،پروفیسر نازلی حسین
کراچی(این این آئی) وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نازلی حسین نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے اس جدید دور میں مسابقت میں اضافہ فطری ہے ، تاہم لچک، مسلسل محنت اور سیکھنے کا جذبہ ہی انسان کو نئے اور بہتر مواقع کی جانب لے جاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈا ؤ یونیورسٹی کے پندرہویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس سے ان کے علاوہ کانووکیشن کمیٹی کے چئیر پرسن پروفیسر صبا سہیل و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن ،کنٹرولر اگزامینیشن محسنہ زینی، ڈا انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر عظمی بخاری، سمیت فیکلٹی ،طلبا وطالبات اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پروفیسر نازلی حسین نے کہا کہ ڈاؤ میڈیکل کالج نے حال ہی میں اپنے 80 سالہ تعلیمی سفر کی تکمیل کی ہے ، جو اس ادارے کی علمی خدمات اور شاندار روایات کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ کانووکیشن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس ،فارم ڈی اور ڈی پی ٹی سمیت الائیڈ ہیلتھ سائنسز 2 ہزار 894 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں کانووکیشن کا انعقاد اوجھا کیمپس کرکٹ گراؤنڈ میں ہوا۔ کانووکیشن میں میڈیسن کے شعبے کے مایہ ناز ڈاؤ میڈیکل کالج کے سابق پروفیسر محمد شفیع قریشی مرحوم کے نام سے موسوم بیسٹ گریجویٹ ایوارڈ ڈا ؤمیڈیکل کالج کی طالبہ تانیر فاطمہ کو دیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈا ؤمیڈیکل کالج سمیت یونیورسٹی کے تیرہ انسٹی ٹیوٹ اور کالجز کے تین تین بیسٹ گریجویٹس کو بالترتیب گولڈ ،سلور،برونز میڈل دئیے کل 67 میڈل دئیے گئے ۔