گرجا گھروں کے اطراف سہولتوں کے انتظامات کی ہدایت
صٖفائی کے خصوصی انتظامات ہوں، اسٹریٹ لائٹس کو یقینی بنائیں،کمشنر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کے اطراف فول پروف سکیورٹی صفائی اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔وہ فرسٹ یونائیٹڈ پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں گرجا گھروں پر کرسمس کے موقع پر سیکورٹی اور صفائی اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے لیئے مسیحی برادری اور گرجا گھروں کے منتظمین کی مشاورت اور رابطہ سے اقدامات کریں۔انھوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں، بلدیہ عظمی کراچی ٹاؤن ایڈمنسٹریشنز، کنٹونمنٹ بورڈز، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ترجیحی اقدامات کریں، یقینی بنائیں کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کے اطراف صٖفائی کے خصوصی انتظامات ہوں، اسٹریٹ لائٹس کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اس موقع پر یقینی بنائیں کہ گرجا گھروں کے اطراف اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر ٹریفک کی روانی کے اقدامات کرے گی۔جبکہ کے الیکٹرک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام گرجا گھروں میں لوڈشیڈنگ سے گریز کرے ۔