نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ جرم، مقدمات درج ہونگے
اقدام قتل کی دفعات لگائی جائیں گی، حیدر آباد، میرپور خاص پولیس کو احکامات جارینشے میں دھت ہوکر باہر نکلنے ، ون وھیلنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی
حیدر آباد، میرپور خاص (بیورو رپورٹ)نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنا جرم ہوگا، ایس ایس پی حیدر آباد اور میرپورخاص کی جانب سے تمام پولیس افسران کو سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور ون وھیلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانون کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے ، اس سے متعلق پولیس کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔
جبکہ نشے میں دھت ہوکر باہر نکلنے والوں اور ون وھیلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور مقدمات درج کیے جائیں گے ۔ اس ضمن میں پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے ، سال نو پر حیدر آباد، میرپور خاص سمیت دیگر شہروں کی پولیس کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیاں ضرور منائیں، لیکن ہوائی فائرنگ اور دوسرے غیر قانونی اقدامات سے گریز کریں، ہماری دعا ہے کہ آنے والا نیا سال امن، خوشحالی کا پیغام لائے ، عوام بھی نئے سال کی بہتری، امن اور ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لیے دعا کریں۔ سال نو کی آمد پر اپنے گھروں میں رہیں اور اپنی فیملی کے ساتھ خوشیاں منائیں۔