میرپور خاص:گرین بیلٹ پر قابضین کے خلاف کارروائی شروع
اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں آپریشن کا آغاز، قابضین کی ہراساں کرنے کی کوششدو روز بعد قبضہ مافیا پر جرمانے کے ساتھ سامان بھی ضبط کیا جائے گا ، اورنگزیب مغل
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)عدالتی احکامات پر گرین بیلٹ پر قبضہ مافیا کے خلاف انتظامیہ نے کارروائی شروع کر دی ، اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں آپریشن کا آغاز کیاگیا، قبضہ مافیا کی جانب سے انتظامیہ کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں عدالتی احکامات پر سٹلائٹ ٹاؤن گرین بیلٹ پر روڈ کے دونوں اطراف قبضہ اور مافیا کی جانب سے آئے روز لڑائی جھگڑوں کی اطلاع پر ہائی کورٹ میں داخل پٹیشن پر ضلع انتظامیہ نے ڈنڈا اٹھاتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انکروچمنٹ اورنگزیب مغل نے عملے کے ہمراہ آپریشن کا آغاز کیا، اس موقع پر مافیا کی جانب سے عملے سے تلخ کلامی ہوئی، افسران کا کہنا تھا کہ گرین بیلٹ پر عدالتی احکامات پر کارروائی کا آغاز کیا ہے ، قبضہ ختم کرانے کے لیے وارننگ دے دی ہے ۔ دو روز بعد قبضہ مافیا پر جرمانے کے ساتھ سامان بھی ضبط کیا جائے گا اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائیگی۔ یاد رہے کچھ روز قبل ایک ہاؤسنگ اسکیم کے مالک کا انکروچمنٹ تنازع پر قتل کے بعد انتظامیہ متحرک نظر آرہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سٹلائٹ ٹاؤن گرین بیلٹ پر قبضہ خوروں کی جانب سے خوف کی فضا قائم کر رکھی ہے جہاں آئے روز قبضے کے مسئلے پر جھگڑوں اور ہراسگی کے واقعات پر علاقہ مکین اور ٹریفک کے مسائل بھی بڑھتے جارہے ہیں۔