لاڑکانہ میں رشتے کے تنازع پر لڑکی قتل، 5افراد زخمی

لاڑکانہ میں رشتے کے تنازع پر لڑکی قتل، 5افراد زخمی

زخمیوں کوڈوکری اسپتال منتقل کردیا گیا، فریقین کا بھینڈ برادری سے تعلقپڈعیدن، محراب پور میں حادثات وواقعات، 2افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے

لاڑکانہ، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) لاڑکانہ میں رشتے کے تنازع پر لڑکی قتل اور 5 افراد زخمی ہوگئے ، جبکہ پڈعیدن اور محراب پور میں حادثات وواقعات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں باڈہ کے قریب سیہڑ ولیج میں رشتے کے تنازع پر جھگڑے میں فائرنگ سے 23 سالہ لڑکی ثناء خاتون بھینڈ قتل اور 5 افراد زخمی ہوگئے ، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ڈوکری اسپتال منتقل کیا، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، متعلقہ افسران کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ رشتے کے تنازعے پر پیش آیا ہے ۔ دونوں فریقین کا ایک ہی بھینڈ برادری سے تعلق ہے ۔ دوسری جانب پڈعیدن میں قومی شاہراہ مٹھیانی بائی پاس پر تیز رفتار کوچ نے موٹرسائیکل سوار تین نوجوانوں کو کچل دیا، جس سے ایک نوجوان ہلاک، دو شدید زخمی ہوگئے ، تینوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک نوجوان دیدار علی جسکانی زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ صدام عباسی اور سیف اللہ ملک کو ابتدائی طبی امداد کے بعد نوابشاہ منتقل کردیا گیا۔ ادھر محراب پور میں بے قابو کار المدینہ پٹرول پمپ پر چڑھ گئی، جس سے تین افراد زخمی ہوگئے ، واقعہ میں سیٹھ مختار سانوں کلہوڑو، سیٹھ غلام حسین چانڈیو اور وسیم احمد معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ دوسری جانب مزید ایک نوجوان بلال علی منگریو نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا چراغ گل کرلیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں