میئر نے کڈنی ہل پارک میں ڈیڑھ ایکڑ پر محیط برڈ آئیوری کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 20 کروڑ کی لاگت سے کڈنی ہل پارک جدید برڈ آئیوری کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برڈ آئیوری منصوبہ کراچی میں پرندوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا،یہ برڈ آئیوری قدرتی ماحول کے عین مطابق ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ پرندوں کو محفوظ اور قدرت کے قریب ماحول فراہم کیا جا سکے ۔میئر نے کہا کہ کڈنی ہل پارک میں گزشتہ چند برسوں کے دوران انکروچمنٹ کے خاتمے کے بعد اس علاقے کو ایک خوبصورت اربن فاریسٹ میں تبدیل کیا گیا جہاں لاکھوں کی تعداد میں مقامی درخت لگائے گئے جس کے باعث آج کڈنی ہل پارک ایک بالکل مختلف اور خوشگوار منظر پیش کر رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پتھریلی زمین کے باوجود احمد علی پارک (کڈنی ہل) میں مقامی اور پھل دار پودوں کی شاندار افزائش ہو رہی ہے۔