آج سے ڈبل ڈیکربس سروس کا آغاز

آج  سے  ڈبل  ڈیکربس  سروس  کا  آغاز

کراچی کی عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ، ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی، نئی ای وی بسیں بھی پہنچ چکیں، وزیراعظم شہر کیلئے 150بسیں دینے کا وعدہ پوراکریں،سینئر وزیراورنج لائن کو گرین سے ملانے کے منصوبے کا افتتاح،مسافروں کو ڈبل کرایہ بھرنے کی ضرورت نہیں،ایک کارڈ پر اورنج اور گرین لائن سے سفر کرسکیں گے ،شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں اورنج لائن کو گرین لائن بس سے ملانے کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔شرجیل میمن نے اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا جائزہ لیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مسافروں کو ڈبل کرایا بھرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اب مسافر ایک ہی کارڈ پر اورنج لائن اور گرین لائن سے سفر کرسکیں گے ،یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی ہے جس میں ایک ہی کارڈ چلے گا، اب ہم مزید کوشش کریں گے ، روزانہ ایک لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اورنج لائن بی آر ٹی منصوبہ تعمیر کیا، جو ابتدا میں صرف چار کلو میٹر کے کوریڈور پر مشتمل تھا، تاہم عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ہی کارڈ کے ذریعے اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی پر سفر ممکن بنانے کے لیے دونوں سروسز کی انٹیگریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ شرجیل میمن کے مطابق نئی الیکٹرک بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں اور ان کے روٹس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا،پیپلز پارٹی نے خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کرائی ہے جب کہ اورنج اور گرین لائن بی آر ٹی میں بھی خواتین کے سفر کو ممکن بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی جا رہی ہے جو ملیر سے شاہراہِ فیصل تک چلائی جائے گی، اس اقدام سے ٹریفک مسائل میں کمی آئے گی اور روزانہ ایک لاکھ شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ نئے سال پر عوام کو مزید تحفے دیے جائیں گے اور کسی کو سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

سینئر وزیر نے معاشرتی رویوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک شخص پرتشدد کا واقعہ دیکھا، عدم برداشت کے رویے معاشرے کے لیے خطرناک ہیں۔ جب دلیل کمزور ہو جائے تو تشدد کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے ، لوگوں کو زدوکوب کرنا کسی صورت درست نہیں، قانون ایسے واقعات پر کارروائی کرے گا۔شرجیل میمن نے بتایا کہ خفیہ اداروں اور سندھ پولیس نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچایا۔ ایک کمسن بچی کو خودکش دھماکے کے لیے تیار کیا گیا تھا، اسے خودکش جیکٹ پہنائی گئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے اسے حراست میں لے کر تحفظ فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر اپنے بچوں کو محفوظ رکھتے ہوئے معصوم بچوں کو استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر سیکیورٹی اداروں نے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کراچی کے لیے 150 بسوں کا اعلان کیا گیا تھا، اس لیے گزارش ہے کہ وعدے کے مطابق بسیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات مل سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں