حیدر آباد:سافکو گروپ کا نئے سال کے اہداف کاخاکہ پیش

حیدر آباد:سافکو گروپ کا نئے سال کے اہداف کاخاکہ پیش

تقریب میں 2025 پذیرائی کا سال قرار، نئے سال کوششیں بڑھانے کا عزمزراعت، لائیو اسٹاک، چھوٹے کاروباروں کی خوشحالی کیلئے اقدام کئے ، سی ای او

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سافکو گروپ نے نئے سال 2026 کی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں سماجی و مالیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں سافکوکی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد نئے سال کے اہداف کا خاکہ پیش کیا گیا۔ اس دوران سافکو قیادت نے سال 2025 کو سافکو کی عالمی پذیرائی کا سال قرار دیتے ہوئے رواں سال تندہی کے ساتھ مزید کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سال نو کی تقریب سافکو ہیڈ آفس حیدرآباد میں منعقد کی گئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے سافکو گروپ کے بانی اور سی ای او ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے سب کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سال 2025 کے دوران عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظرسافکو نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے ، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور زراعت، لائیو اسٹاک اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ لوگوں کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات بڑھائے۔ جس پر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے ایوارڈز سے نوازا جو کہ تمام عملے کی مشترکہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہیں۔ ڈاکٹر ابڑو نے جنوبی ایشیا میں معاشی ترقی میں خواتین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بنگلہ دیش، بھارت اور نیپال جیسے ممالک میں خواتین کی مزدوری کی شرح 30 اور 45 فیصد کے درمیان ہے ، پاکستان بدستور پیچھے ہے ۔ انہوں نے خواتین کی افرادی قوت کی شرکت کو 21 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد سے زیادہ کرنے میں بنگلہ دیش کی کامیابی کا حوالہ دیا، جس میں بڑے پیمانے پر ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے میں 30 لاکھ سے زائد خواتین کو ملازمت دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں