حیدر آباد:گنجان آباد بنگالی کالونی میں ایک ماہ سے گندا پانی جمع
علاقہ مکینوں اور ایکسائز دفتر میں کام کیلئے آنے والے افراد کو شدید مشکلات کئی باراحتجاج کئے ، کوئی شنوائی نہیں ہورہی، مکینوں کی صحافیوں سے گفتگو
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)گنجان آباد علاقے بنگالی کالونی میں واقع محکمہ ایکسائز آفس کے سامنے ایک ماہ سے جمع ہونے والے گندے پانی نے علاقہ مکینوں اور ایکسائز دفتر میں کام کیلئے آنے والے افراد کو مشکلات میں مبتلا کیا ہوا ہے ، علاقہ مکین کئی مرتبہ احتجاج بھی کرچکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ۔ رمضان کے مقدس مہینے میں گٹر کے پانی سے شہریوں اور خاص طورپر نمازی حضرات کو پریشانی کاسا منا ہے ۔ ٹاؤن چیئرمین سمیت پیپلزپارٹی 130کے یوسی چیئرمین کو کئی مرتبہ تحریری شکایات کی گئیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتاہے۔
علاقہ مکینوں نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ ہم ایک ماہ سے پریشان ہیں اور کئی بار احتجاج کرچکے ہیں لیکن نہ تو میئر کاشف شورو اور نہ ہی کوئی انتظامی افسر ہماری فریاد سننے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیوریج کا پانی مسلسل جمع رہنے سے علاقے میں مچھروں سمیت متعدد حشرات الارض پیدا ہوگئے ہیں جن سے مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں، بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔