کڈنی سینٹرکیلئے 50کروڑ روپے گرانٹ منظور

کڈنی سینٹرکیلئے 50کروڑ روپے گرانٹ منظور

وزیر اعلیٰ سندھ کا مختلف شعبوں کا دورہ،نئے آئی سی یو کا افتتاح بھی کیاکسی مریض کو سہولیات کی کمی کے باعث تکلیف نہیں ہونی چاہیے ،مرادشاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کڈنی سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کی مزید تعمیر و ترقی کے لیے 50 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کڈنی سینٹر کا دورہ کیا جہاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، کڈنی سینٹر بورڈ چیئرپرسن ماریانہ کریم ، ڈاکٹر وحاج اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کڈنی سینٹر کے چھٹے فلور کا دورا کیا جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کڈنی سینٹر میں نئے آئی سی یو کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کڈنی سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو فیز ٹو آئی سی یو اور ون ٹائم گرانٹ سے مکمل ہونے والے دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کڈنی سینٹر کی تعمیر و ترقی کے لیے 50 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل انسانیت، وقار اور امید میں سرمایہ کاری ہے ۔ سندھ میں کسی مریض کو سہولیات کی کمی کی وجہ سے تکلیف نہیں ہونی چاہیے ۔سید مراد علی شاہ نے کڈنی سینٹر کی چیئرپرسن ماریانہ کریم کی 40 سالہ انسانی خدمات پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے کڈنی سینٹر انتظامیہ سے مکمل تعاون کو یقینی بنانے کو کہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں