غزوۂ بدر کا پیغام طاغوت کے سامنے ڈٹ جانا ہے ، تنظیم اسلامی
دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مسلم ممالک اتفاق پیدا کریں، شجاع الدین شیخ
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)غزوۂ بدر کا پیغام طاغوتی قوتوں کی جارحیت کے خلاف ڈٹ جانا ہے ۔ مسلم ممالک آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے ۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ 17رمضان المبارک 2 ہجری کو اللہ کے رسول ﷺ کی زیرِ قیادت 313جانثارانِ اسلام نے عددی لحاظ سے 3 گنا بڑی اور بھرپوراسلحے سے لیس مشرکین مکہ کی فوج کو میدانِ جنگ میں للکارا اور اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے جان کی بازی لگاتے ہوئے شجاعت اور بہادری کی عظیم ترین مثال قائم کر دی۔ اللہ تعالیٰ نے حق و باطل کے مابین اس عظیم معرکہ کو یوم الفرقان قرار دیا اور مسلمانوں کو عظیم فتح عطا فرمائی۔
بعدازاں 6برس کے قلیل عرصے میں 8ہجری کو رمضان المبارک میں ہی مسلمانوں نے مکہ فتح کر لیا جس کے بعد جزیرہ نما عرب میں اللہ کے دین کی مکمل حکمرانی قائم ہوگئی۔ حقیقت یہ ہے کہ تقریباً ساڑھے چودہ سو سال پہلے غلبۂ دین کے لیے کی جانے والی یہ ایمان افروز جدوجہد اُمتِ مسلمہ کے ہر فرد کے لیے مشعل راہ ہے ۔ آج مسلمان دنیا بھر میں اس لیے مغلوب ہیں کہ اُنہوں نے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اللہ کے دین کو اپنانے اور نافذ و قائم کرنے سے گریز کیا ہے ۔ ایمان کے اِس ضعف اور قرآن و جہاد سے دوری کے سبب اللہ تعالیٰ نے دشمن کے دلوں سے مسلمانوں کا رعب نکال دیا ہے اور دنیا کے ہر کونے میں طاغوتی قوتیں مسلمانوں پر بدترین ظلم و ستم ڈھا رہی ہیں۔