مٹھی اسپتال :خودکشی واقعہ کے بعد سول سرجن، 2سینئر ڈاکٹر معطل
ورثاکا موقف سنے بغیر ڈاکٹر شیخ کی موت اتفاقی قرار، پولیس رپورٹ عدالت میں جمعوائس میسیج بھی نہیں سنا، واقعہ کی تحقیقات کرنیوالے ایس ایچ او رخصت پرروانہ ہوگئے
تھرپارکر(نامہ نگار)مٹھی سول اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کے خودکشی واقعے میں نامزد سول سرجن ڈاکٹر ہریش جگاڑانی، سینئر ڈاکٹر موہن کھتری اور ڈاکٹر عبدالمالک نہڑی کو چیف سیکریٹری کی ہدایات پر سیکریٹری ہیلتھ نے معطل کر کے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ دوسری جانب پولیس نے واقعے کے ذمہ داروں کو بچانے کے لیے مبینہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی جانب سے بھیجے گئے وائس میسج اور تحریری خط کے باوجود موت کو اتفاقی قرار دیتے ہوئے دفعہ 174 کے تحت رپورٹ داخل کر دی ہے ۔ پولیس نے ورثا کا موقف بھی نہیں سنا، مٹھی تھانے کے سب انسپکٹر پردیپ میگھواڑ نے سرکاری مدعیت میں تیار رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ ون مٹھی کی عدالت میں جمع کرا دی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر کے بیٹے اور داماد نے لاش وصول کرتے وقت پولیس کو بتایا تھا کہ تدفین کے بعد کیس درج کروایا جائیگا، لیکن پولیس نے انتظار کئے بغیر واقعے کو خودکشی قرار دیکر کارروائی مکمل کر لی۔ پولیس نے خط اور وائس میسج میں نامزد ڈاکٹروں، لوئر اسٹاف کے خلاف تاحال صرف معطلی کی کارروائی کی ہے جبکہ کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ادھر واقعے کی تحقیقات کرنے والے ایس ایچ او مٹھی مبارک راجڑ مبینہ دباؤ کے باعث اچانک چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پر واقعے کو خودکشی قرار دینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا، جس پرانہوں نے انکار کرتے ہوئے چھٹی لے لی۔ بعد ازاں مٹھی تھانے کا چارج سی آئی اے انچارج عبدالسبحان میمن کو سونپ دیا گیا۔ رابطہ کرنے پر ڈی ایس پی مٹھی ماجد قائم خانی نے کہا کہ ایس ایچ او بیماری کے باعث چھٹی پر گئے، دباؤ کی بات درست نہیں۔