سکھر:تعفن پھیلانے والی 2 فیکٹریوں کیخلاف ایکشن، آپریشن معطل
صابن فیکٹری بغیر این اوسی کام کررہی، ممنوعہ پلاسٹک، کچرا جلانے میں ملوث نکلیفیڈ فیکٹری میں عید تعطیلات کا فائدہ اٹھا کرمرغی، مچھلی کی باقیات زائد پراسیس کی گئیں
سکھر(بیورو رپورٹ) شہر میں پھیلی تعفن زدہ بدبو کا معمہ حل، انتظامیہ کا کریک ڈائون، دو بڑی فیکٹریاں زد میں آگئیں، ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی روز سے سکھر شہر اور گردونواح میں رات کے اوقات میں پھیلنے والی شدید ناگوار بدبو پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ایک بڑی کارروائی انجام دی، اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور نے سندھ انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے حکام کے ہمراہ سائٹ ایریا کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں بدبو پھیلانے کے شبہ میں دو فیکٹریوں کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا گیا، کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ شہر میں پھیلی تعفن زدہ ہواؤں کی ذمہ دار صنعتی فضلے کی غیر قانونی تلفی اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ نجی صابن فیکٹری نہ صرف ماحولیاتی ادارے سیپا سے این او سی حاصل کیے بغیر کام کر رہی تھی بلکہ فیکٹری کے برنرز میں کوئلے یا گیس کے بجائے ممنوعہ پلاسٹک کچرا جلایا جا رہا تھا، جو زہریلے دھویں اور بدبو کا باعث بن رہا تھا۔ دوسری جانب نجی فیڈ فیکٹری میں عید کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ حد سے زائد مرغی اور مچھلی کی باقیات کو پراسیس کیا گیا۔ انتظامیہ نے موقع پر موجود شواہد کی بنیاد پر دونوں فیکٹریوں کے آپریشنز کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشرہ منصور نے میڈیا کو بتایا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔