جماعت اسلامی کراچی کی ترقی میں رکاوٹ ، کرم اللہ وقاصی

 جماعت اسلامی کراچی کی ترقی میں رکاوٹ ، کرم اللہ وقاصی

میئر پر تنقید کر کے جماعت اسلامی اپنی بدترین کارکردگی چھپا نہیں سکتی، ترجمان جماعت اسلامی فنڈز کی مکمل تفصیلات پیش کرے ، پارلیمانی لیڈر کے ایم سی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان میئر کراچی اور کے ایم سی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے اپنے ایک تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی قیادت شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات متحرک ہے اور مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے ۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ جماعت اسلامی درحقیقت کراچی کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ میئر کراچی پر تنقید کر کے جماعت اسلامی اپنی بدترین کارکردگی اور سیاسی ناکامی کو چھپا نہیں سکتی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اپنے دور میں ملنے والے فنڈز کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے پیش کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو فنڈز نہ ملنے کا واویلا کرنے کے بجائے یہ بتانا چاہیے کہ روڈ کٹنگ کی مد میں حاصل کیے گئے کروڑوں روپے کہاں خرچ کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ فلاحی کاموں پر خرچ کرنے کے بجائے ذاتی تشہیر، بینرز، اشتہارات اور منفی پروپیگنڈے پر اڑایا گیا، جس کی وجہ سے آج انہیں جھوٹی اور بے بنیاد پریس کانفرنسوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے ۔کرم اللہ وقاصی نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام باشعور ہیں اور وہ ایسے سیاسی بیانات سے گمراہ نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور شہر کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ مخالفین صرف الزامات اور پروپیگنڈے تک محدود ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں