کفایت شعاری مہم ملک بھر میں نافذ کی جائے ، مولانا بشیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم پرپنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں عمل درآمدنہ ہونے پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے۔۔
وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاہے کہ کفایت شعاری مہم کو ملک بھر میں یکساں طور پرنافذ کیا جائے ،اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور توانائی و وسائل کے ضیاع کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قومی وسائل کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کفایت شعاری مہم کے مثبت اثرات نمایاں ہیں جہاں شادی ہالز رات دس بجے بند کیے جا رہے ہیں اور ون ڈش پالیسی پر بھی خاطر خواہ عمل درآمد ہو رہا ہے ، تاہم دیگر صوبوں میں اس حوالے سے کوئی سنجیدگی نظر نہیں آ رہی ہے ۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دیگر صوبے اس قومی مہم سے مستثنٰی ہیں؟ کیونکہ وہاں نہ تو شادی ہالز مقررہ وقت پر بند ہو رہے ہیں اور نہ ہی مہمانوں کی تعداد کو محدود کیا جا رہا ہے جس کے باعث توانائی اور خوراک دونوں کا ضیاع ہو رہا ہے ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ انہیں تاحال کفایت شعاری مہم پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی واضح حکومتی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔